اسلام آباد (نمائندہ خصوصی):پاکستان شاہینز نے بنگلا دیش اے کے خلاف 4 روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 367 رنز بنا کر 245رنز کی برتری حاسل کرلی ۔ اس سے قبل بنگلا دیش اے کی ٹیم پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 122 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی اسطرح پاکستان شاہینز کو 245 رنز کی برتری حاصل ہوگئی اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔اسلام آباد کلب میں میچ کے دوسرے روز پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز2 رنز بغیر کسی نقصان پر شروع کی تاہم صائم ایوب 11رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔عمرامین اور محمد ہریرہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں96 رنز کا اضافہ کیا۔محمد ہریرہ5 چوکوں کی مدد سے 39رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ عمرامین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 32 ویں سنچری 128گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 177 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 23چوکے اور 3 چھکے شامل تھے یہ ان کے فرسٹ کلاس کریئر کا دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر2012 میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی طرف سے حبیب بینک کے خلاف 281 رنز اسکور کیے تھے۔ عمرامین نے کپتان سعود شکیل کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں195 رنز کا اضافہ کیا۔ سعود شکیل نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ کھیل کے اختتام پر سعد خان چھ چوکوں کی مدد سے 31اور کامران غلام ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ بنگلہ دیش اے کی طرف سے حسن مراد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔