ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)جسقم سمیت مختلف علیحدگی پسند تنظیموں کے 200 سے زائد رہنما اور کارکن قومی دھارے میں شامل۔ یوم پاکستان کے دن پر جسقم و دیگر مختلف علیحدگی پسند تنظیموں کے 200 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں نے ہاتہوں میں قومی پرچم تھام کر قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر ڈفنڈر آف پاکستال موومنٹ سندھ کی جانب سے جیمخانہ کلب مکلی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسقم و دیگر علیحدگی پسند تنظیموں کے عمران آرائیں، قربان علی ملاح، جلال دین مہر، رستم خاصخیلی، صادق علی تھہیم، یونس بلوچ، خمیسو خان بلوچ، لالا شوکت پالاری، عثمان ملاح سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب اپنے ملک کی بقا اور ترقی کے لیے کام کریں گے، علیحدگی پسند اور کالعدم تنظیمیں ملک میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے نوجوانوں کو ورغلا کر پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ پاک افواج ملکی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت سمیت اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسند تنظیموں کے سربراہان ملک سے باہر بیٹھے ہیں اور ملک دشمنوں کی ناکام سازشوں کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسند تنظیمیں ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں اور سندھ کے امن پسند نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے، ان جماعتوں کے لیڈر ملک دشمن ایجنسیوں سے پیسے لے کر بیرون ملک آسائشوں میں گم ہیں، آج سے ہمارا جینا مرنا اپنے پیارے وطن پاکستان کے لیے ہے، پاکستان ہے تو سندھ ہے، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں، پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد۔