میئر سکھر کا شجر کاری مہم میں 50 ہزار پودے لگانے کا اعلان

101

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں ضلع انتظامیہ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 77 ویں جشن آزادی کے موقع پر لب مہران واکنگ ٹریک پر پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ تھے۔تقریب میں کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی،ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم راجا دھاریجو،ڈی آئی جی پیر محمد شاہ،ایس ایس پی سکھر امجد شیخ سمیت مختلف محکموں کے افسران، سکھر چیمبر آف کامرس کے نمائندوں ، شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت۔8.30 منٹ پر پاکستان کے دوسرے بڑے اور سندھ کے سب سے طویل جھنڈے کی پرچم کشائی کی گئی۔پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا اور پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں آئی بی اے پبلک اسکول اور سوئٹ ہوم سکھر کے طلبہ نے قومی گیت اور ٹیبلوز پیش کیے۔ جشن آزادی کے موقع پر سکھر شہر کو خوبصورت بنانے اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے نمٹنے کیلیے سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے میگا شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ شجرکاری مہم میں 50 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں آج سے 7500 پودے لگانے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو کہ اس وقت واکنگ ٹریک پر موجود ہیں۔دوسرے مرحلے میں 42000 ہزار پودے لگائے جائیں گے، سکھر کا ہر خاندان ایک پودا اون کرے ، اور ان کی اپنے بچوں کی طرح پرورش کرے، یہ ہم سب کی مہم ہے، گرین سکھر مہم کو کامیاب بنانے کے لیے شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ہمیں پاکستان کو آگے لے جانا ہے، صرف باتیں نہیں کام بھی کرنا ہے۔ تقریب سے کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی، ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ، ایس ایس پی امجد شیخ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی 77 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ بعد ازاں میئر سکھر، کمشنر ، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی سکھر کے ہمراہ پودے لگا کر گریں سکھر میگا مہم کا افتتاح کردیا۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پاکستان کی جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان بڑی قربانیاں سے ملا ہے اس لیے ہم سب کو مل کر اس ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کلامنٹ چینج کو مدے نظر رکھتے ہوئے ہم نے شجرکاری کر رہیں ہے جس میں 50000ہزار پودے لگائے جائیں گے۔