کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ، جامعہ کراچی نے 14 اگست کی مناسبت سےAzadi Fiesta 2024 ء انعقاد کیا۔ 350میٹرلمبے پرچم کے ساتھ پاکستان کی تمام جامعات کا سب سے بڑا پرچم لہرایا گیا اور 1000 پاؤنڈ وزنی کیک کے ساتھ کیک کاٹنے کی سب سے بڑی تقریب منعقد کی گئی۔ جھنڈا جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک میں لہرایا گیا جو کہ تمام طلبہ کے سَروں پر سے ہوتا ہوا جامعہ کراچی کی آرٹس لا بی میں گیا۔ طلبہ یہ لمبا جھنڈا پکڑے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔ صدر اسلامی جمعیت طلبہ کراچی ‘‘برادر آبش صدیقی‘ مشیر امورِ طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا، سیکورٹی ایڈوائزر جامعہ کراچی ڈاکٹر سلمان زبیر، سابق سیکورٹی ایڈوائزرڈاکٹر معیز، پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر “ڈاکٹرعاصم علی، ایم پی اے جماعت اسلامی فاروق فرحان، یوسی چیئرمین نعمان الیاس نے تقریب میں بطور مہمان شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کیا۔مشیر امورِ طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا کا کہنا تھا کہ اگر ہر نوجوان قائداعظم کے اس فرمان: ‘‘ایمان، اتحاد، تنظیم، یقیں محکم؛ پہ عمل درآمد شروع کردے تو ہر نوجوان آگے بڑھ سکتاہے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی برادر آبش صدیقی نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔