کوئٹہ:ریلوے  اسٹیشن کے قریب دستی  بم دھماکے، 5 بچوں سمیت 7 زخمی

289

کوئٹہ:ریلوے اسٹیشن کے قریب دستی بم دھماکوں میں پانچ بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے قریب دستی بموں کے 2 دھماکے کیے گئے، جس میں 5 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم دھماکے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ہوٹل کے پاس نامعلوم افراد نے کیے، جو دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے اور بم زوردار دھماکے سے پھٹ گئے۔ زخمی ہونے والے افراد ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس کے ذریعے سفر کے لیے جا رہے تھے۔

دھماکے کے بعد ریسکیو رضاکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔