یوم آزادی:جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں  پرچم کشائی کی تقریب

150

کراچی:یوم آزادیٔ پاکستان کے موقع پر جماعت اسلامی کے  تحت فیڈرل بی ایریا واٹر پمپ چورنگی پر پرچم کشائی کی تقریب  ہوئی، جس میں  امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پرچم کشائی کی، پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے 78 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ شب آزادی کے تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی نظریاتی و فلاحی ریاست بنانے سے ہی ملک اور قومی کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہی برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال جدو جہد اور قربانیوں کے باعث ہی یہ مملکت خداد داد پاکستان وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسلام کے اصولوں کے مطابق مسلمانوں کو زندگی گزارنے اور اسلامی قوانین کو نافذکرنے  کے لیے علیحدہ ملک حاصل کیا۔ بدقسمتی سے برسوں سے ملک پر مسلط حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ نے ملک کو اس کے مقصد وجود سے دُور رکھا۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ ملک میں تباہی و بربادی اور موجود بدترین حالات اسی حکمران ٹولے کے پیدا کردہ ہیں جن  میں سول و فوجی آمر اور حکمران دونوں شامل ہیں۔ موجودہ حالات سے نکلنے کے لیے اس حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرنے اور قوم کو مایوسی کے بجائے امید کا پیغام دینے کے متحد ہو کر جدو جہد کرنے کے عزم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک افرادی قوت بالخصوص نوجوان اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اسے صرف اہل، دیانت دار اور ملک اور قوم کا درد رکھنے والی قیادت کی ضروت ہے۔