کراچی: داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلرڈاکٹرثمرین کی گاڑی پرفائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ آبش صدیقی نے داؤد انجینئرنگ کی وائس چانسلر پر جان لیوا حملےکی بھرپور مذمت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلرکی گاڑی پرفائرنگ اورنگی ٹاؤن میں ہوئی، فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹرثمرین معمولی زخمی ہوئیں ہیں،وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ویسٹ سے واقعے کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نے وائس چانسلر جامعہ داؤد کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی بہترین صورت گری میں انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، یہ اساتذہ ہیں جو ملک و قوم کا مستقبل طلبہ و طالبات کو تراش کر معاشرے کا قابل اور مفید انسان بناتے ہیں، اساتذہ کے ساتھ ایسے واقعات پیش آنا نہایت ہی افسوس اور تشویشناک عمل ہے۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اس بزدلانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کریں اور ملت کے اس قیمتی اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔