نظریہ پاکستان کے غداروں کا انتقام تاریخ نے لیا، عفت شاہد

25

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق ایسوسی ایٹ پروفیسر عفت شاہد نے 2 روزہ مرکزی دورہ صوبہ سندھ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ نظریے کو ڈبونے کی جسارت کرنے والوں کو خلیج بنگال نے خود ڈبو دیا ،تنظیم اساتذہ پاکستان نے اساتذہ کی کاوشوں سے
کمیونزم کے آگے بند باندھا تھا اورسندھ میں سندھو دیش کے نعرے کو دفنایا تھا،اور آج نظریہ پاکستان کے غداروں کا انتقام تاریخ نے لیا ہے۔کیونکہ دو قومی نظریہ تو روئے زمین پر آدم کی پیدائش سے ہی وجود میں آگیا تھا۔شیطان کی قومیت اور رحمان کی قومیت کبھی ایک نہیں ہو سکتیں۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر پروفیسر کریم النسا اور جوائنٹ سیکرٹری نسرین زاہد نے بدین میں موجود چار اداروں کے 40 اساتذہ کے ساتھ تنظیمی امور کی انجام دہی کے لیے تعلقہ تلہار میں بننے والے نئے یونٹ کے ذمے داران کو بریفنگ دی۔ ٹریننگ پروگرام کے دوسرے سیشن میں صدر ضلع کراچی اسما رضوان نے میرا عشق میرا مشن پر اساتذہ کے ساتھ ورکشاپ میں مشنریز کے کاموں کا جائزہ پیش کیا ۔زاہدہ نسرین نے تنظیم اساتذہ پاکستان کی جانب سے ادارے کی خدمات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تنظیم میں شمولیت کا خیر مقدم کیا بعد ازاں پروفیسر کریم النسا نے پاکستان میں جدید پیشہ ورانہ معیارات پر ورکشاپ کے اہم نکات پیش کیے۔آخر میں جا معۃ المحصنات کی جانب سے استحکام پاکستان ایک فریضہ ایک ضروت پر ایک جامع اور ولولہ انگیز تقریر پیش کی گئی جس میں غزہ سے کشمیر تک نظریے کو ملت اسلامیہ کا محافظ اور ماتھے کا جھومر قرار دیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شرکا نے میزبان طالبات کے ساتھ مل کر علامہ اقبال کے کلام ’’ کبھی اے نوجوان مسلم‘‘ پڑھ کر ماحول میں ملی یکجہتی و یقین کا سماں پیدا کردیا۔اس موقع پر مرکزی و ضلعی ذمے داران کے علاوہ دیگرذمے داران بھی موجود تھیں۔