زراعت اور انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے لاگت میں کمی لانا ہوگی: شہباز شریف

174

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وقت ایک نعمت ہے اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے، یہ ہم سب کا عزم ہے کہ عزم استحکام کے لیے ہماری ہر چیز قربان ہے ،ارشد ندیم نے چالیس برس بعد پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا، ارشد ندیم کو ایوارڈ دینے کے لیے صدر مملکت کو خط لکھ دیا ہے، ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو وزیر اعظم ہاؤس پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اگر زراعت، انڈسٹری کو بڑھانا ہے تو اس کی لاگت کم کرنی ہوگی، دوسرے ممالک سے کاسٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے لاگت میں کمی لازمی ہے اس کے بغیر مارکیٹ میں قدم جمانا ممکن نہیں اس میں بجلی کا بہت بڑا کردار ہے، ایف بی آر کی بحالی کے بغیر نہ تو مالی گنجائش نکلے گی اور نہ قوم آگے ترقی کرسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان کے لیے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے ،پیداواری لاگت کم کیے بغیر برآمدات کو بڑھانا دیوانے کا خواب ہوگا ،روٹین میں کام کو تعطل کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، فائلین کا عمل تیز کیا جائے ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے، ہر وزارت کو پیپرلیس کلچر کے فروغ کے لیے تیار کیا جائے وسائل موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاور سیکٹر میں کئی ماہ سے بہت محنت کی گئی ، کوئی شخص عقل کل نہیں ہوتا ہمیں بطور ٹیم ورک کام کرنا چاہیے۔