بھارت رکھے شیخ حسینہ کو، بنگلا دیش کو کوئی اعتراض نہیں

322

ڈھاکا: بنگلا دیش نے کہا ہے کہ سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کے بھارت میں قیام پذیر رہنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوگی۔ یہ بات بنگلا دیش کی عبوری حکومت میں عبوری وزیرِاعظم ڈاکٹر محمد یونس کے مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین نے کہی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق محمد توحید حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم بھارت سے ہمیشہ اچھے تعلقات استوار رکھیں گے۔ بنگلا دیش میں ایک نئے عہد کا آغاز ہو رہا ہے۔ نئی دہلی سے بہتر تعلقات بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

میڈیا کے نمائندوں کے ایک سوال پر محمد توحید حسین نے کہا کہ بین الریاستی تعلقات کی بنیادیں الگ ہوتی ہیں۔ کسی ایک فرد کی خاطر بین المملکتی تعلقات کو داؤ پر نہیں لگایا جاسکتا۔ ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی مفادات کی بنیاد پر استوار ہوتے ہیں۔ یہ کچھ دو اور کچھ لو کا معاملہ ہوتا ہے اور اِسے اِسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔

محمد توحید حسین نے میڈیا سے گفتگو سے قبل بھارت کے ہائی کمشنر پرنے ورما سمیت غیر ملکی سفارت کاروں کو بنگلا دیش کی بدلی ہوئی صورتِ حال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری میں بنگلا دیش کے تمام دوست عبوری حکومت سے بھی تعاون کرتے رہیں گے۔

محمد توحید حسین کریئر ڈپلومیٹ اور بنگلا دیش کے سابق سیکریٹری خارجہ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بنگلا دیش نے جتنے بھی عالمی اور بین المملکتی معاہدے کر رکھے ہیں اُن سب کا احترام کیا جائے گا۔