کوئی منفی قوت قوم اور فوج میں محبت کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتی، آرمی چیف

94

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کوئی منفی قوت قوم اور فوج میں محبت کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کی ڈرل پریڈ  کی تقریب میں  بطور مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ کوئی منفی قوت، اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو نہ کبھی کمزور کرسکی، نہ ہی آئندہ کرسکے گی۔ افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتاہوں، ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریہ پر مبنی ہے، دو قومی نظریے نے برِصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب کا موقع فراہم کیا، یہ ملک نہ صرف قائم رہنے بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے معرضِ وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ اِسی مناسبت سے قائد اعظم کے تاریخی الفاظ انتہائی اہم ہیں “آئیے اب ہم سب ملکر اپنی قوم کو بنائیں اور اسکی تعمیر نو کریں”، پاکستان کے قائدین اور کارکنان کے ساتھ ساتھ شہدا، غازیوں اور لواحقین کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں، آج ان آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہداء کی عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، مستقبل میں بھی افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا مُصِمّم اور غیر متزلزل ارادہ رکھتی ہیں، عزم استحکام قومی عزم کا استعارہ، سلامتی کی ضامن اور وقت کا اہم تقاضا ہے۔