سکھر ،مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی ،مکین پریشان

126

سکھر(نمائندہ جسارت)مون سون بارش کا اسپل ختم ہونے کے باوجود گنجان آباد پرانا سکھر کے علاقے میرانی نمائش محلہ کے مختلف علاقوں کا نکاسی نظام درست نہیں کیا جاسکا ہے، علاقہ مکینوں کی شکایات کے مطابق نکاسی آب نہ ہونے کے سبب متاثرہ علاقے تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں نکاسی نظام مفلوج ہوجانے کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت دکانداروں کو گزشتہ ایک ہفتے سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں رئیس ابڑو،پیار علی میرانی،اعظم مہر و دیگر نے بتایا کہ برساتی پانی کے نکاسی کیلئے یوسی 6وارڈ 3 اور4کے کونسلر سمیت چیئرمین نثار قریشی ، وائس چیئرمین فرحان شیخ کو اس صورتحال کی تحریری و زبانی شکایات کیں ہیں لیکن افسوس 6 دن گزر گئے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔متاثرہ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سمیت منتخب نمائندگان سے اپیل کی ہے وہ پرانا سکھر کے علاقے میرانی محلہ و دیگر اطراف کے علاقوں کی صورتحال کا فوری نوٹس لیکر مکینوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کیلئے اپنا بھرپور کرداد ادا کریں بصورت دیگر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔