حکومت میں موجود کرپٹ افراد سے نجات ضروری ہے ،جاوید قصوری

206

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر سستی بجلی، آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو ختم اور مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر تاریخی اور عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد پر کارکنان، لاہور کے عوام اور ذمے داران سے اظہار تشکر کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کامیاب جلسہ سے حکمرانوں کو اس بات کا احساس ہو جانا چاہیے کہ عوام باہر نکل آئے ہیں۔ حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا ایک ایک دن عوام کی نظر میں ہے۔ اگر حکومت وقت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی، آئی پی پیز کی لوٹ مار اور ان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو ختم نہ کیا تو ان کا نجام حسینہ واجد جیسا ہو گا۔ لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔حکومت کے ہاتھ سے وقت تیزی سے نکل رہا ہے ان حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دیں گے یا گھر جا ئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ عوام کی کمرٹوٹ چکی ہے۔ حکمران کب تک ملک و قوم کو درپیش مسائل سے آنکھیں چراتے رہیں گے۔ تما م آئی پی پیز سے معاہدوں کو منظر عام پر لایا جائے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی ٹیکسوں کی مد میں لوٹ کر اپنے شاہانہ پروٹوکول پر خرچ کر رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، پروٹوکول کا خاتمہ کیا جائے اور بیرونی امداد کی بجائے قومی وسائل سے استفادہ کیا جانا چاہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں ’’حق دو عوام کو۔ حق دو پاکستان کو‘‘ تحریک کاآغاز کر دیا ہے۔ ہم عوام کو درپیش مشکلات کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 25 کروڑ عوام پربجلی کے بل بم بن گئے، عوام بلوں کی ادائیگی کے لیے گھر کی اشیا اور خواتین زیور فروخت کر رہے ہیں۔آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں نے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں۔حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔