پیرس اولمپکس کا اختتام :امریکا سرفہرست چین دوسری اور جاپان کی تیسری پوزیشن

337

پیرس /کراچی(سید وزیر علی قادری)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اولمپکس مقابلے امریکا کی برتری کے ساتھاتوار کی رات اولمپک ا سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام کو پہنچ گئے ،کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب فرانس کے 81,330 سے زیادہ نشستوں کی گنجائش والے ا سٹیڈ ڈی فرانس ا سٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔17 دن جاری رہنے والے پیرس اولمپکس میں تمغوں کی ٹیبل پر امریکا نے 40 طلائی، 44 چاندی اور 42 کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکے اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 126 رہی۔ چین 40 سونے، 27 چاندی اور 24 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 91 رہی۔ جاپان نے 20 سونے، 12 چاندی اور 13 کانسی کے تمغے جیتے، اس طرح اس نے مجموعی طور پر 45 تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آسٹریلیا نے 18 طلائی، 19 چاندی اور 16 کانسی کے تمغوں کے ساتھ چوتھی،میزبان فرانس نے 16 طلائی، 26 چاندی اور 22 کانسی کے تمغوں کے ساتھ5ویں ،نیدرلینڈز نے 15 سونے، 7 نقری اور 12 کانسی کے تمغوں کے ساتھ چھٹی، برطانیہ نے 14 سونے، 22 چاندی اور 29 کانسی کے تمغوں کے ساتھ 7ویں،جنوبی کوریا نے 13 سونے، 9 چاندی اور 10 کانسی کے تمغوں کے ساتھ8ویں،اٹلی نے 12 سونے، 13 چاندی اور 15 کانسی کے تمغوں کے ساتھ 9ویں جبکے جرمنی نے 12 طلائی، 13 چاندی اور 8 کانسی کے تمغوں کے ساتھ10ویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ایک طلائی تمغے کے ساتھ میڈل ٹیبل پر 62 ویں نمبر پر رہا۔اولمپک ا سٹیڈیم میں سجائی گئی شاندار اختتامی تقریب میں سینکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔ اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے، مارچ پاسٹ کیا، اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگ جمایا۔اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی اختتامی تقریب سے خوب محظوظ ہوئے۔پیرس میں اولمپک گیمز 2024کی اختتامی تقریب کے دوران ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز اولمپک گیمز کا جھنڈا اٹھانے کے لیے ا سٹیڈ ڈی فرانس ا سٹیڈیم کی چھت سے نیچے اترے۔ 62 سالہ اداکار نے ایک ا سٹنٹ کیا اور پھر جھنڈا امریکالے جانے کے لیے فرش پر رسی پر اترے ۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) نے 15 روسی کھلاڑیوں کی ٹیم کو 2024 کے سمر اولمپکس میں غیرجانبدار کے طور پر حصہ لینے کی اجازت دی۔