اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان شاہینز بنگلا دیش اے کے خلاف آج سے اسلام آباد کلب میں پہلے 4 روزہ میچ میں مدمقابل ہوگی۔2 میچوں کی سیریز کا دوسر4 روزہ میچ 20 اگست سے کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 3 ون ڈے میچوں میں بھی مدمقابل ہونگی۔دونوں ٹیموں نے گزشتہ ماہ ڈارون آسٹریلیا میں ریڈ بال سیریز کھیلی تھی جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔ دونوں ٹیموں نے ا سکواڈز میں ان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے جو پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیں گے جس کے 2 ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور کراچی میں بالترتیب 21 اور 30اگست سے کھیلے جائیں گے۔ ان کھلاڑیوں کی اسکواڈز میں شمولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش نے اس سال جنوری اور مارچ کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز میں بنگلا دیش کے خلاف اعلان کردہ ٹیسٹ ٹیم کے8 کھلاڑی بھی شامل ہیں جن میں سعود شکیل ، کامران غلام، میر حمزہ ، محمد علی، محمد ہریرہ ، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سرفراز احمد شامل ہیں۔ بنگلا دیش اے میں شامل ٹیسٹ کرکٹرز حسن محمود، محمود الحسن جوئے ، مومن الحق، مشفیق الرحیم ، نعیم حسن اور ذاکر حسن 4 روزہ میچ کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوجائیں گے۔سعود شکیل جو اس وقت پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں ، پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔