اسلام آباد (اے پی پی+ صباح نیوز) پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ براڈ پیک کی مہم جوئی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔ الپائن کلب کے نائب صدر ایاز شگری نے مراد سدپارہ کے انتقال کی تصدیق کردی۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوہ پیما مراد سدپارہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کی دعا کی ہے اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوہ پیمائی کے شعبے کیلیے مرحوم مراد سد پارہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مراد سدپارہ اسکردو میں 8,047 میٹر اونچی براڈ پیک چوٹی کی مہم کے دوران سر پر پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ پاک فوج نے بچاؤ کی کوششوں میں مدد کیلیے 4 ماہر کوہ پیماؤں کو بیس کیمپ میں تعینات کیا تھا۔ ایاز شگری نے کہا کہ مراد سدپارہ کی لاش مقامی لوگوں نے پاک فوج کے تعاون سے نکال کر جاپانی کیمپ پہنچائی۔ سدپارہ گزشتہ ہفتے ایک پرتگالی خاتون کوہ پیما کے ساتھ براڈ پیک چوٹی کیلیے روانہ ہوئے تھے اور ٹیم واپس آرہی تھی کہ خراب موسمی حالات کے دوران کیمپ۔1 کے قریب ان کے سر پر پتھر آ لگا۔ مراد سدپارہ نے گزشتہ ہفتے کے ٹو کی بلندی سے ایک کوہ پیما کی لاش کو اتارا تھا، وہ کے ٹو کی صفائی مہم کی قیادت کر رہے تھے۔