پاکستان کے پہلے ٹائٹ گیس پروجیکٹ سے پیداوار شروع

140

اسلام آباد (اے پی پی)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع سجاول میں نور ویسٹ ویل1- سے پاکستان کے پہلے ٹائٹ گیس پروجیکٹ کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ اوجی ڈی سی ایل اعلامیہ کے مطابق نور ویسٹ ویل1- سے 1.5 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس حاصل ہو رہی ہے۔ یہ گیس سجاول کے لوئر گرو فارمیشن سے حاصل ہوتی ہے اور اسے سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے جس سے پاکستان کی گیس سپلائی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔ ڈرلنگ کے دوران ابتدائی جانچ کے نتائج مثبت نہیں تھے، لہٰذا پیداوار کو ممکن بنانے کیلیے ہائیڈرولک فریکچرنگ تکنیک استعمال کی گئی۔ یہ طریقہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے جدید تکنیکوں کے استعمال کا عزم ظاہر کرتا ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے ٹائٹ گیس کی تلاش اور ترقی کیلیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جو پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔