وزیراعظم نے 10 لاکھ طلبہ کو میرٹ پر اسمارٹ فونز دینے کا اعلان کردیا

250

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے 10 لاکھ طلبہ کو میرٹ پر اسمارٹ فونز دینے کا اعلان کردیا۔

نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیم جدید ترین ہتھیار بن چکا ہے، اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی ہے۔ چین میں ٹیکنالوجی کا استعمال اور ان کی ترقی دنیا کو حیران کر دینے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ ہم اپنے تمام اخراجات کو ختم کرکے تمام وسائل نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے میں لگا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مساوات بلکہ طبقاتی کشمکش ہے۔ کئی خاندانوں کی شادیاں ملک سے باہر ہوتی ہیں اور کئی ایسے ہیں جنہیں بچیوں کی شاید کے لیے قرض لینا پڑتا ہے جسے وہ کبھی اتار نہیں پاتے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو درست راہ اور خاطر خواہ وسائل دے دیے  جائیں تو وہ ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم جاری کی تھی اور آج میں اعلان کرتا ہوں کہ 10 لاکھ طلبہ  کو میرٹ پر اسمارٹ فون فراہم کریں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی سے فیضیاب ہو سکیں۔