بلوچستان:مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاں بحق

50

کوئٹہ:بلوچستان میں مسلح افراد  نے فائرنگ کرکے ڈپٹی کمشنر پنجگور کو قتل کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے میں مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پنجگور کے ڈپٹی کمشنر جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

لیویز حکام کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے کھڈ کوچہ نامی علاقے میں فائرنگ کی، جس میں ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جب کہ اسپتال پہنچائے جانے پر ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے  فائرنگ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔