جشن آزادی پاکستان ملی جوش وجذبے سے منائیں،وسیم خان

122

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی این اے 220 کے ٹکٹ ہولڈر وسیم خان راجپوت نے حیدرآباد سمیت سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کا جشن آزادی ملی جوش وجذبے سے منائیں، حیدرآباد شہر کو سجانے کے علاوہ ملی یکجہتی اور جشن آزادی کے مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں، موجودہ حکومت نے سرکاری سطح پر بھی جشن آزادی کو منانے کے لیے بھرپور انتظامات کئے ہیں، اپنے گھروں پر قومی پرچم لگائیں ، ریلیاں نکالیں اور چراغاں کریں۔ انہوں نے کہاکہ گھروں، دکانوں، مارکیٹوں، بازاروں میں سجاوٹ کریں، پیپلزپارٹی ہر سال اپنا یوم آزادی بھرپور انداز سے مناتی ہے اور اس سال بھی اس جشن کو بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں یوم آزادی پر لطیف آباد اور حیدرآباد میں بھی کئی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔