جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا‘ شاہد خاقان

237

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم اور بانی عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہاں کچھ نہیں ہوسکتا، آج ہم نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، اصل مسئلہ معیشت کی کمزوری ہے، ڈالر 100 سے بڑھ کر 300 روپے تک چلا گیا ہے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے تو آئین میں دیکھنا ہوگا، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جو آئین کے مطابق نہیں چلتا، حلف بھی آئین کا حصہ ہے‘ کراچی میں ٹینکروں سے پانی لیا جاتا ہے لیکن پائپ لائن نہیں ڈالی جاتی، کراچی کی ہائیڈرنٹ اورٹینکر مافیا میں سب شامل ہیں اور جوابدہ کوئی نہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ 77 سال میں بڑے قوانین بنائے لیکن کسی کا احتساب نہیں ہوا، اگر ڈالر 100 روپے کا ہوگا تو بجلی کی قیمت بھی نیچے آجائے گی، بجلی کے بلوں سے ٹیکس نکال دیں تو بجلی کا یونٹ 8 روپے تک آجائے گا۔

کراچی: مقامی ہال میں عوام پاکستان پارٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور مہتاب عباسی اور دیگر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہیں