پاکستانی کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے ملاقات کی ہے۔او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے غزہ اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال، اسلاموفوبیا، امتیازی سلوک اور مسلمانوں کے خلاف تشدد پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کی سپورٹ کےلیے او آئی سی کے رابطہ گروپ اور خصوصی ایلچی برائے جموں وکشمیر کے تاریخی کردار کی تعریف کی جس کی عکاسی او آئی سی کی مختلف قراردادوں اور بیانات میں ہوتی ہے۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرروت اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے اسلاموفوبیا پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے تقرر کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ خصوصی ایلچی اس اہم مسئلے کو حل کرنےکی مہم کوآ گے بڑھائیں گے۔