کراچی: دبئی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کی پرواز نے کم پریشر ہونے کی وجہ سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ پرواز پی کے 212 کا ہائیڈرولک پریشر پرواز کے دوران کم ہوگیا تھا۔
صورت حال کے پیش نظر طیارے کے کپتان نے کراچی ائرپورٹ کے ٹاور کو آگاہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جس پر رن وے پر ایمرجنسی ڈکلیئر کردی گئی۔
بعد ازاں پرواز کو بہ حفاظت کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو لاونج میں منتقل کرکے انجینئرز نے طیارے کا معائنہ کیا اور متعلقہ ٹیم نے مرمت کا کام شروع کیا۔