لاڑکانہ: پولیس نے شجر کاری مہم کا سلسلہ تیز کر دیا

195

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز سے محبت کا منفرد اظہار کرتے ہوئے شجر کاری مہم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ پولیس سربراہ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو وطن عزیز سے محبت کے اظہار میں اپنے تھانوں اور دفاتر میں درخت، پودے لگانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی لاڑکانہ نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز حسیب جاوید سومار میمن ، اے ایس پی محمد عاشر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سرفراز احمد پیچوہو کے ہمراہ شجرکاری مہم کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے پولیس لائن میں نیم کے پودے لگائے۔ اس سے پہلے ایس ایس پی لاڑکانہ نے اگست کا آغاز ہوتے ہی اپنے دفتر میں پہلا پودا لگاتے ہوئے ایس پی ہیڈ کوارٹرز حسیب جاوید سومار میمن کو پولیس ہیڈ کوارٹر میں درخت لگانے اور پولیس ہیڈ کوارٹر کو سبزہ زار بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے پودا لگاتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں، سورج کی تپش اور گرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وقت کی ضرورت ہے کہ ہر ایک فرد اور ادارہ ماحول کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے تھانوں اور پولیس دفاتر میں درخت، پودے لگانے کی مہم کی نگرانی کے لیے اے ایس پی محمد عاشر کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔