ڈھاکا(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلادیش میں طلبہ احتجاجی تحریک کے نتیجے میں حسینہ واجد کے 16 سالہ اقتدار کا دھڑن تختہ ہونے کے بعد عبوری حکومت کے قیام اور حالات کے معمول آنے کا کئی ممالک نے خیر مقدم کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔چینی ترجمان نے مزید کہا کہ بنگلادیش ہم سایہ ملک ہے اور اس کے ساتھ ہمیشہ سے اچھے تعلقات قائم رہے ہیں۔ وہاں عوام کی جانب سے ترقی کے راستے کے انتخاب کا احترام کرتے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بنگلادیش میں عبوری حکومت کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے بنگلادیش کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔یاد رہے کہ بنگلادیش میں عبوری حکومت قائم کردی گئی جس کی سربراہی نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس کر رہے ہیں جب کہ 17 رکنی ٹیم میں طلبہ رہنما بھی شامل ہیں۔