ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنادیا گیا ،صدر وزیراعظم کی مبارکباد

169

پیرس/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں تاریخی کامیابی حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا۔پیرس اولمپکس مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈل دینے کی تقریب ایفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں منعقد کی گئی، تقریب کے دوران گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برانز میڈل دیا گیا، بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیا۔ پیرس اولمپکس میں ملک کی تاریخ پہلا انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد پیش کی ہے۔صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔ شاندار اولمپکس ریکارڈ بڑا کارنامہ ہے۔ آپ نے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ارشد نے نہ صرف سونے کا تمغا جیتا۔ بلکہ اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ان کی تھرو شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے ، ارشد ندیم کے گھر کے باہر لوگوں کا جشن ، میاں چنوں کے شہزادے نے سبھی کے دل جیت لیے، شہرشہر لوگوں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا ، ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔