زرعی برآمدات 3 ارب ڈالر پہنچ گئیں، 7 ارب ڈالر کا ہدف ہونا چاہیے، وزیراعظم

213

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی برآمدات 3 ارب ڈالر پہنچ گئیں جب کہ یہ ہدف  7 ارب ڈالر کا ہونا چاہیے۔

کراچی میں بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے بے شمار مواقع دستیاب ہیں۔اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کا استعمال کرتے ہوئے ہم ملکی زرعی برآمدات کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی زرعی برآمدات تین ارب ڈالر ہو چکی ہیں او ریہ ہدف سات ارب ڈالر تک ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت ہے ۔  انہوں نے متعلقہ حکام، اداروں اور ایکسپورٹرز کو مبارک باد دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں  اپنی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانا ہوگا اور اس کے لیے تمام جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ناگزیر ہوگیا ہے۔

وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، زرعی ماہرین کی خدمات سے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ بڑھانے کے لیے کام کرنا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہمیں زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کی طرف جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے دیہی علاقوں میں قرضوں کی فراہمی بڑھانے کے ضرورت ہے، ہمارے دیہی علاقے ترقی کریں گے تو اس سے ملک ترقی کرے گا، جدید ٹیکنالوجی سمیت تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، چین نے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ حکومت پاکستان برآمد کنندگان اور کاشتکاروں کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، دیہی علاقوں میں کسانوں کو قرضوں کی فراہمی سے پیداوار میں اضافہ ہوگا۔