9 مئی واقعات کی انکوائری:پشاور ہائیکورٹ کی جوڈیشل کمیشن ججز نامزدگی سے معذرت

253

پشاور:9 مئی واقعات کی تحقیقات  کے سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمیشن کے ججز نامزد کرنے  سے معذرت کرلی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے ججز کو نامزد کرنے کی خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر جوابی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ نے معذرت کرلی ہے۔

رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے عدالتی فیصلے سے صوبائی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم نہیں کیا جا سکتا، موجودہ حالات میں 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانا ممکن نہیں۔

ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جس فورم سے یہ درخواست ارسال کی گئی ہے وہ اس کا مجاز نہیں۔ صوبائی حکومت کے رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی ہے اس لیے اس صورت میں اس درخواست پر عمل نہیں کیا جا سکتا۔