انصاف کی سستی و فوری فراہمی میں وکلاء کو کردار ادا کرنا چاہئے، گورنر خیبر پختونخوا

188
Lawyers should play a role

پشاور:گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ معاشرتی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے،جلد بروقت انصاف نہ ملے تو انصاف کے نظام پر لوگ اعتماد نہیں کرتے، انصاف کی سستی و فوری فراہمی میں وکلاء کو کردار ادا کرنا چاہئے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ وکلاء کو سپورٹ کیا اور ملک کے بڑے بڑے عہدوں پر وکلاء سے ہی انتخاب کیا گیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس پشاورمیں ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل لائرز خیبرپختونخوا چیپٹر کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر وقار خان ایڈوکیٹ کر رہے تھے جبکہ نائب صدر فضا نظامی،جنرل سیکرٹری شاہدعزیز، حشمت سدوزئی ایڈوکیٹ، جاوید اقبال مروت ایڈوکیٹ سمیت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایشن کے عہدیدار، کابینہ اراکین شامل تھے۔ وفد نے گورنرکو صوبے کاآئینی منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے ایسوسی ایشن کے مجموعی کردارکو سراہتے ہوئے کہاکہ انصاف کی فوری فراہمی میں وکلاکاکردار انتہائی اہم ہے، انصاف کی فراہمی کے لیے عوام اور عدلیہ کے درمیان وکلاء پل کا کردار ادا کرتے ہیں،وکلاء برادری نے قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے میں موثرکردار ادا کیا ہے اور جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی کے لیے ان کی بے پناہ قربانیاں تاریخ کا حصہ ہے۔