اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ سیاست میں مفاہمت کے راستے کو کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے،سیاست میں شدت پسندی اختیار کریں گے تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں لیکن اتنے بھی برے نہیں ہیں کہ انہیں ٹھیک نہ کیا جا سکے، سیاست دانوں کو کسی ایک پوائنٹ پر اکٹھا ہونا ہوگا،ملک اور قوم کی خاطر مذاکرات کے عمل کو جاری رہنا چاہیے،تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے،سیاستدان اگر شدت پسند ہوں گے تو ملک آگے نہیں جا سکے گا اور نہ ہی مذاکرات آگے جا سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے لیے کمیٹی بن گئی ہے،کمیٹی جانے اور اس کا کام جانے،حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن ترمیمی ایکٹ پر تحفظات ہیں۔