اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدارآمد کو روکنے کے لیے سادہ اکثریت سے ترمیم آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، حکومت پارلیمان کو عدلیہ کے مدمقابل لانے سے اجتناب کرے،اس سے ملک کے حالات خراب ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ 1973 کا آئین اداروں کے درمیان تقسیم اختیارات واضح کرتا ہے۔پارلیمان اور عدلیہ کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ حکومت کا چیف جسٹس پاکستان کے عہدہ ملازمت میں توسیع کی کوشش عدلیہ کو متنازعہ اور اس اہم عہدے کی تذلیل کرنے کے مترادف ہیں جس کو ہم مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 92کے ورلڈ کپ کے بعد ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کو تحفہ دیا ہے،پاکستانی قوم 14 اگست کو اپنے گھروں پر اور گاڑیوں میں تحریک انصاف کے جھنڈے لہرا کر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں۔