راولپنڈی/اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے توشہ خانہ سے بلغاری کمپنی کے بیش قیمت زیورات کے حصول سے متعلق نئے ریفرنس میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 یوم کی توسیع کردی ہے اور نیب حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تاریخ پر تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ریفرنس میں اب تک ہونے والی تحقیقات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا اس موقع پر نیب حکام نے عدالت سے استدعا کی چونکہ ملزمان سے ابھی مُختلف حوالے سے تحقیقات کرنا ہیں لہٰذا مزید ریمانڈ جاری کیا جائے تاکہ تحقیقات کو حتمی شکل دی جاسکے جس پر عدالت نے ریمانڈ میں 12 یوم کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو جیل میں مزید تحقیقات کی اجازت دے دی۔یاد رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے 13 جولائی کو دونوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا جبکہ عدالت نے 14 جولائی کو ملزمان کا پہلا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے نیب حکام کو جیل میں تفتیش کی ہدایت کی تھی۔علاوہ ازیںجمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری خلاف قانون قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی
کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری خلاف قانون قرار دینے کے لیے دائر متفرق درخواستوں کو یکجا کرنے کاحکم دیتے ہوئے کیس کی فائل اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو بھجوا دی ہے۔، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ چیف جسٹس کیس پہلے سے اسی نوعیت کی درخواستوں کے ساتھ یکجا کریں۔عدالت نے کہا کہ چیف جسٹس درخواستوں کو یکجا کر کے جلد دستیاب بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کریں۔ادھراسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے مالیاتی اسکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس کی سماعت ملزمان کے وکلا کی عدم دستیابی کے باعث 12 اگست تک ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان کے وکلا نے ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کرنا تھی اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز عدالت میں موجود تھے تاہم عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
نیا توشہ خانہ