کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں مزدا ٹرک اور سوزوکی گاڑی میں تصادم ، ایک شخص جاںبحق جبکہ 3زخمی ہوگئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز این 65 بولان قومی شاہراہ ڈھاڈر کے مقام پر سوزوکی اور مزدا میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص اشیش کمار جاں بحق جبکہ حبیب اللہ ، عبدالغفار اور غلام فرید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال ڈھاڈر منتقل کردیا گیا ہے ، ایم ایس سول اسپتال ڈھاڈر ڈاکٹر زاہد سرکی کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق سبی سے ہے ، سوزوکی مچھ سے سبی جبکہ مزدا سندھ سے کوئٹہ کی جانب جارہا تھا۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہوگیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مستونگ کے نواحی علاقے تھانہ کھڈکوچہ کی حدود میں ریکی بوز ایریا میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک جاں بحق ہوگیا۔مقتول کی شناخت اکبر خان ولد سہراب خان مری ساکن سبی کے نام سے ہوئی ہے واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو شہید نواب غوث بخش میموریل اسپتال منتقل کردیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔دریں اثنا بلوچستان کے علاقے مستونگ میں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے میں الحسن ہوٹل کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانیوالی تیز رفتار کار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دیا، افسوسناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار کھڈکوچہ لیویز تھانہ کے اہلکار سپاہی صدام حسین ولد عبدالواحد شاہوانی موقعہ پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے فرزند اور گاڑی میں سوار تین افراد بھی زخمی ہوئے زخمیوں کو اسماعیل بلوچ ویلفیئر سینٹر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل بلوچ نے اپنے گاڑی میں شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کردیا زخمیوں میں موٹرسائیکل سوار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں۔