سکھر: وڈیرے کی اپنی عدالت، پولیس اہلکاروں پر جرمانہ کر دیا

74

سکھر (نمائندہ جسارت) وڈیرے نے اپنی عدالت لگا کر پولیس اہلکاروں پر جرمانہ عائد کر دیا، ایک سال قبل مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو سدھیر لکھن والے معاملے کا مقامی وڈیرے یوسی چیئرمین عنایت اللہ لکھن نے جرگہ کیا، جرگے میں تھانہ سائٹ ایریا کے سابق ایس ایچ او امجد مغل اور 2 اہلکاروں پر 45 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جرگہ کرنے والے وڈیرے عنایت اللہ لکھن اور مشیر محمد مراد گڈانی پر غیرقانونی جرگہ کرنے کی ایف آئی آر درج کر لی، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے تھانہ آباد کی حدود میں عنایت اللہ لکھن کی سربراہی میں پولیس ملازمین کے خلاف نجی عدالت لگاکر جرگے کا نوٹس لیا ہے، ترجمان پولیس کے مطابق جرگے میں ملوث ملزمان کے خلاف تھانہ آباد میں مقدمہ درج کرلیا، کچھ عرصہ قبل بدنام زمانہ ڈاکو سدھیر لکن کی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر بااثر افراد کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی عدالت قائم کر کے پولیس ملازمین پر جرگہ بٹھا کر جرم عائد کردیا جہاں ملوث پولیس پارٹی پر خلاف قانون جرگہ میں 45 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، فیصلے پر عملدرآمد اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں پولیس ملازمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیں اور جرگے کی وڈیو بھی وائرل کی گئیں۔