ملتان (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری صہیب عمار صدیقی کی زیر صدارت جمعرات کوجماعت اسلامی ضلع ملتان کی تنظیمی کمیٹی کا اجلاس دارالسلام کلمہ چوک میں منعقد ہوا ، اجلاس میں طے کیا گیا کہ جماعت اسلامی 16 اگست کو شام 4بجے ویمن یونیورسٹی روڈ کچہری چوک ملتان پر دھرنے کا آغازکرے گی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن 16 اگست کے دھرنے میں خصوصی شرکت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ صہیب عمار صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات عوامی ہیں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر حکومت کو عوام کی اتنی ہی فکر مندی لاحق ہے تو مطالبات کو تسلیم کرے۔انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ دھرنے کو کامیاب بنانے کے لیے فوری طور پر رابطہ عوام مہم کا آغاز کیا جائے۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ملتان کے امیر صفدر اقبال ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد نے ثابت کردیا کہ مزاحمت کے ذریعے ہی مسائل کو حل کی طرف بڑھایا جاسکتا ہے۔ ظلم کے اس نظام سے ہر شخص پریشان ہے۔ مہنگے بلوں نے ہر شخص کو پریشان کررکھا ہے۔ موجودہ حکومت نے جس طر تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسز کا بم پھینکا ہے اس کے بعد ہر شخص کا گزر بسر مشکل ہو گیا ہے۔ اجلاس میں نائب امرا ضلع و نائب سیکرٹریز کے علاوہ ضلع بھر سے ذمے داران اور امیدوران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔