لاہور دھرنے کی گونج ایوانوں تک پہنچے گی‘ ضیاالدین

83

لاہور (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی لاہورکے امیر ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اور سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ نے11 اگست کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے باہر ہونے والے عظیم الشان عوامی دھرنے اور جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ لاہور کے ذمے داران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 47 کے حکمرانوں کی عوام کو ریلیف دیے بغیر نجات ممکن نہیں ۔11 اگست کو وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر عوامی دھرنے کی گونج اقتدار کے ایوانوں تک سنائی دے گی۔ تمام ذمے داران اپنے اضلاع، علاقوں اور زونز میں بھر پور تیاری کے ساتھ حق دو عوام کو تحریک کا پیغام
ہر گھر اور فرد تک پہنچائیں۔ عوامی دھرنے میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نوجوان، بزرگ،بچے اور خواتین شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی دھرنے کے مطالبات کی منظور ی تک لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کا حق ادا کرتی رہے گی او رپیچھے نہیں ہٹے گی۔ اس موقع پر امیر لاہور نے ذمے داران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لاہور کے دھرنا کو تاریخ ساز دھرنا بنانے کے لیے تما م حاضرین اجلاس رات دن کی پروا کیے بغیر جدوجہد کو تیز سے تیز ترکریں گے اور ہر پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے کارکنان اور سپورٹرز کو متحرک کریں اورعوامی رابطہ مہم کے ذریعے لوگوں کو منظم کریںتاکہ 11 اگست کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس پر ہونے والے دھرنے میں ان کی شرکت کویقینی بنایا جاسکے ۔