شہریوں کو مہنگائی سے فوری آزاد کرنا مشکل ہے، شہباز شریف

238

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب شہریوں کو مہنگی بجلی اور مہنگائی سے فوری آزاد کرنا مشکل ہے۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد میں منعقدہ علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالارپاکستان آرمی جنرل عاصم منیر،انتہائی لائق احترام علماو مشائخ کو میرا سلام، آج سپہ سالار کی گفتگو دنیا کے خالق و مالک کا بتایا ہوا راستہ ہے، یہ اگست کا مہینہ ہے، 14 اگست 2024 کو ہم 77ویں یوم آزادی جوش و خروش منارہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپہ سالار نے جو آج گفتگو کی ، وہ اسی کی عکاسی ہے، اسی کا بتایا ہوا راستہ ہے جو دنیا کا خالق و مالک ہے۔  اس ملک کے لیے قائداعظم کی قیادت میں تحریک چلائی گئی، 14 اگست کو 77 واں یوم آزادی منارہے ہیں، لاکھوں، کروڑوں لوگوں نے جان کی قربانی دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا اپنے 40 سالہ سیاسی کیریئر کی روشنی میں بات کہنا چاہتا ہوں، سیاسی حکومت اور اداروں کے درمیان ایسا تعاون پہلے کبھی اپنے سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھا، فتنہ خواج نے تاریخ میں تباہ کن کردار ادا کیا، ہمیں اسلامی تاریخ سے سبق حاصل کرنا ہے اور وہ لوگ جو پاکستانی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس لبادے میں دشمنی کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا 2018سے پہلے ایک جماعت نے اپنی سیاست کو عوامی خدمت کا نام تھا، 2018 کے بعد عوامی خدمت کی کوئی بات نہیں ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ،حقائق مسخ اور گالم گلوچ کا بازار گرم ہے، افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں، کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچانے والے خود دنیا سے چلے گئے، شہدا کی سوشل میڈیا پر بے حرمتی کی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  آئی ایم ایف پروگرام ہونے جا رہا ہے، لیکن یہ کوئی خوشی کی بات نہیں، ایک مجبوری ہے کہ ملک کو معاشی طور پر استحکام دلوانا ہے، یہ استحکام اس وقت آئے گا جب ہم 25 کروڑ عوام کے پیداواری روزگار کا انتظام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر دہراؤں گا کہ ہماری سیاسی حکومت، ہمارے ادارے اور سپہ سالا اس معاملے پر یک جان، دو قالب کی طرح یکسو ہیں، یہ ہی وہ طریقہ ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نجات دلوائی جاسکتی ہے اور اس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔