کولمبو: سری لنکا کی جانب سے تیسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو شکست سے دوچار کردیا گیا، جس کے نیتجے میں سری لنکا نے 27 برس کے بعد سیریز جیت لی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سری لنکن شہر کولمبو میں بھارت کو ون ڈے میچ میں سری لنکا نے 110 رنز سے ہرا دیا اور سیریز 2-0 سے جیتی۔
سری لنکا نے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔ اوِشکا فرنینڈو 96 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوشل مینڈس 59، پاتھم نسانکا 45، کپتان چرتھ اسالانکا 10، جنیتھ لیانگا 8، دونیتھ ویلالاگے 2 اور سدیرا سماراوکرما 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کمنڈو مینڈس 23 اور مہیش ٹھیکشانا 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
بھارت کی جانب سے ریان پراگ نے 3، کلدیپ یادو، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل اور محمد سراج نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 27 ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان روہت شرما 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر 30، ورات کوہلی 20، ریان پراگ 15، شیوم ڈوبے 9، شریاس ایر 8، رشبھ پنت 6، شبمن گِل 6، کلدیپ یادو 6 اور اکشر پٹیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد سراج 0 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 5.1 اوور میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔
مہیش ٹھیکشانا اور جیفری وینڈرسے نے 2، 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 1 وکٹ حاصل کی۔