پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں کراچی کی مجرم ہیں، ترجمان جماعت اسلامی

288

کراچی:ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں شہر قائد کی مجرم ہیں۔

سندھ حکومت کی ترجمان کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپارٹی 16 سال سے صوبے پر حکمران اور ایم کیوایم اس کی اتحادی ہے۔ یہ دونوں جماعتیں ہی شہر قائد کی مجرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی واٹر بورڈ ، سالڈ ویسٹ سمیت تمام اداروں پر قابض ہے۔ کلک کے تحت بننے والی سڑکیں بارش میں تباہ ہوگئیں ۔ پیپلزپارٹی واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ کو ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت کرے ۔ پیپلز پارٹی  ٹاؤن اور یوسی کے اختیارات پر قابض ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم کے بعد بھی وسائل پر قابض ہے۔ ایم کیو ایم نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔جماعت اسلامی کا دھرنا کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ  حق دو عوام کو کے لیے ہے۔ اشاروں پر چلنے، اٹھنے اور بیٹھنے والے تو فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ جماعت اسلامی کا دھرنا  حق دو عوام کو عوام میں پذیرائی حاصل کررہاہے ۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کی تباہی کی ذمے دار جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کی سڑکوں کو کمرشلائز کر کے بیڑا غرق کیا جب کہ ایم کیو ایم نے چائنا کٹنگ کر کے شہر کا حال خراب کیا۔