ایشین انڈر 18والی بال:پاکستان نے جاپان کو ہرا کر کانسی کا تمغہ جیت لیا

232

کراچی( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان نے شاندار اور یادگار کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن جاپان کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر 15 ویں ایشین انڈر 18والی بال چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا، پاکستان کے کھلاڑیوں کی شاندار سمیش اور دفاعی کھیل کا جاپان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، پاکستان نے 3 سیٹ میں 75 پوائنٹس اسکور کئے جبکہ جاپان کی ٹیم 57 پوائنٹس اسکور کر سکی۔ پاکستان کا ایشین انڈر 18والی بال چیمپئن شپ میں بھی یہ پہلا تمغہ ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئر مین چوہدری یعقوب نے اس یادگار کامیابی پر کہا کہ ایشین انڈر 18والی بال چیمپئن شپ میں لیا گیا یہ کانسی کا تمغہ پاکستان والی بال کے روشن مستقبل کی نوید ہے، لڑکوں نے بہت شاندار کھیل پیش کیا، جاپان کے خلاف کامیابی غیر معمولی ہے، پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر سہیل خاور میر، سیکریٹری شاہ نعیم ظفر، خازن خالد وقار، سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شاہد مسعود اور وی آئی ایس کوآرڈی نیٹر نعمان الدین نے بھی قومی ٹیم کی اس شاندار کارکردگی پرچیئر مین فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب، کھلاڑیوں اورآفیشلز کو مبارک باد پیش کی۔ب حرین میں چیمپئن شپ کے کانسی کے تمغے والے میچ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کسی بھی موقع پر جاپان کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا، حالانکہ پاکستان کی ٹیم اس سے قبل آخری کوارٹر لیگ میچ میں جاپان سے شکست کھا چکی تھی تاہم کانسی کے تمغے کے حصول کے لیے میچ میں پاکستان کے شاہینوں نے نا صرف اس شکست کا بدلہ لیا بلکہ پہلی مرتبہ کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا، پاکستان نے 25-13 سے پہلا سیٹ جیت کر اپنے ارادے ظاہر کر دئیے تھے تاہم جاپان نے دوسرے سیٹ میں کم بیک کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستان نے 25-21 سے دوسرا سیٹ جیت کر اپنی برتری ثابت کی۔ پاکستان کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے تیسرے سیٹ میں ہی میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور با آسانی 25-17 سے تیسرا سیٹ بھی جیتا اور کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ میچ کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز نے کورٹ میں ہی سجدہ شکر اداکیا۔پاکستان کے آفیشلز میں سعید احمد ہیڈ کوچ، سلیمان امین اسسٹنٹ کوچ اور ایم بی جاوید منیجر شامل ہیں۔