پاکستان مراکش دو طرفہ تجارت میں اضافہ کی ضرورت ہے، سفیر محمد کرمون

156

کراچی (کامرس رپورٹر)سلطنت مراکش کے پاکستان میں تعینات سفیر محمد کرمون نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم توقع سے کم ہے جس میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 232 ملین ڈالر سے زائد کی مجموعی تجارت کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے پر صنعتکاروں سے خطاب میں کیا۔تقر یب میں کاٹی کے ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین راشد احمد صدیقی، سابق صدر دانش خان، مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ و دیگر صنعتکار بھی موجود تھے۔ مراکو کے سفیر محمد کرمون نے مزید کہا کہ مراکو یورپ کا گیٹ وے ہے جس کے افریقی اور یورپی یونین کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے ہیں پاکستان مراکو کے ذریعے ان معاہدوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔پاکستان کیلئے ویزا کے اجراء کو مزید آسان بنا رہے ہیں۔ محمد کرمون نے کہا کہ سیاحت مراکو میں بہت اہم سیکٹر ہے جس میں پاکستانی سرمایہ کار سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، کیونکہ دلکش مناظر کی وجہ سے بین القوامی فلموں کی عکسبندی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔سنگل کنٹری نمائش جیسی کاروباری ایکٹیویٹی پر کام کیا جا سکتا ہے،مراکش میں دس بڑی بندر گاہیں ہیں ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی، بینکنگ سسٹم میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا برادر اسلامی ملک پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی کے اشتراک سے دوطرفہ تجارتی وفود کو بھی مراکو میں تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات فراہم کریں گے۔