اسماعیل ہنیہ کے قتل کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی‘ ایران

207

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک/صباح نیوز) ایرانی عدلیہ نے کہا ہے کہ ایران نے ابھی تک تہران میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل سے منسلک کوئی گرفتاری نہیں کی ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ بدھ کو فلسطینی گروپ کے سربراہ اسما عیل ہنیہ کو ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا کہ اہم تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور تفتیش مکمل ہوتے ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا‘ ابھی تک اس کیس کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، ایرانی فوجی حکام تحقیقات میں شامل ہیں۔ اصغر جہانگیر نے کسی بھی گرفتاری کے دعوؤں کو افواہ اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا یقینی طور پر اسلامی جمہوریہ کی طرف سے جرأت مندانہ جواب دیا جائے گا۔ہیہ کے قتل پر ایران کا ردعمل قطعی ہوگا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری نے کہا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل بلا جواب نہیں رہ سکتا‘ ایران کا ردعمل قطعی ہوگا۔ علی باقری نے دارالحکومت تہران میں غیر ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں سے ملاقات کی۔