بلدیہ عظمیٰ: چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکے کی نیلامی کے دوران ہنگامہ

91

کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمٰی کراچی کی چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکوں کی نیلامی کے دوران ٹھیکیداروں اور چارجڈ پارکنگ کی بد نام زمانہ مافیا نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرکے نیلامی کا عمل رکوا دیا تاہم بلدیہ عظمٰی کے حکام نے ہنگامہ آرائی کرنے پر مقدمہ درج کرادیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام نے اس ٹھیکے کی نیلامی 3 دن کیلیے منسوخ کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی میں ہنگامہ آرائی کی وجہ ٹھیکیداروں میں من پسند بولی لگاکر ٹھکا حاصل کرنے کی کوشش تھی۔ جس کی وجہ سے 2 بدنام زمانہ چارجڈ پارکنگ کے مافیا کہلانے والے افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور نیلامی کے عمل کو روک دیا۔ ذرائع کے مطابق 10 لاکھ روپے سالانہ کے اس ٹھیکے کو مافیا کے لوگ مبینہ طور پر ٹھیکے کے عمل میں گڑ بڑ کرکے لینا چاہتے تھے تاہم حکام نے منگل کو ہونے والی اس نیلامی کو منسوخ کردیا اور اب یہ نیلامی 3 روز بعد ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے عمل کو نقصان پہنچانے میں چارجڈ پارکنگ مافیا کے 2 بدنام زمانہ افراد ملوث ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔ اس ضمن میں بلدیہ عظمٰی نے محکمہ جاتی تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔