اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا کہنا ہےکہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے، یہ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن اس طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کچھ لوگ بنگلادیش کی صورتِ حال پر بات کررہے ہیں ، دو ہزار اٹھارہ کے بعد تحریک انصاف نے سیاست کو تقسیم در تقسیم کیا ، سیاست میں انتشار اور نفرت کی تقسیم گلی محلے کی سطح پر لائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت ماضی میں اور آج بھی کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، احتجاج تمام جماعتوں کا حق ہے لیکن وہ احتجاج ہونا چاہیے، شہربند کرنا، پولیس کی گاڑیاں جلانا، اداروں پر حملے کرنا کون سا احتجاج ہے، کاروبارزندگی معطل کرنا کون سااحتجاج ہوتا ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاست کو بچانےکے لیے سیاست کو قربان کیا ہے، پاکستانی افواج کی ملک کے لیے قربانیاں ہیں، پاکستانی افواج کا دہشت گردی اور ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم کردار رہا ہے۔