پشاور:جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی اور کراچی کے بعد پشاور میں بھی دھرنے کا اعلان کردیا گیا۔
حکومت کی جانب سے بجٹ میں عائد کیے گئے بھاری ٹیکس، بجلی کے بلز میں بے جا ٹیکسز، بجلی ، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں، مہنگائی، آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور حکومتی اخراجات کم کرنے سمیت دیگر مطالبات منظور کرانے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ چوک اور کراچی کے گورنر ہاؤس کے بعد اب پشاور میں بھی دھرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے پشاور میں 12 اگست کو دھرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کے دھرنے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن خود بھی شریک ہوں گے۔
عبدالواسع نے پختونخوا کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے پشاوردھرنے میں شریک ہوں اور عوام کے حقوق کی آواز بلند کرنے والے حافظ نعیم الرحمٰن کا استقبال کریں۔