فال آف ڈھاکا پارٹ 2‘ پاکستانی ٹوئٹر صارفین کے تبصرے

218

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) فال آف ڈھاکا پارٹ 2‘ شیخ حسینہ کی جلاوطنی پر پاکستانی ٹوئٹر صارفین کے تبصرے،ایکس صارفین کی جانب سے بنگلادیشی طلبہ اور عوام کو خراج تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے،بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہو کر بھارت فرار ہونے اور بنگلا دیشی آرمی چیف کی جانب سے عبوری حکومت بنانے کے اعلان کے بعد پاکستان میں اس نئی سیاسی صورتحال پر ٹوئٹر صارفین دلچسپ تبصرے اور اظہار خیال کررہے ہیں۔واضح رہے کہ بنگلادیش میں کئی روز سے جاری کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ تنظیموں کی سول نافرمانی کی تحریک میں اب تک مجموعی طور پر 300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔اس پر مغیز علی صارف نے لکھا کہ گولیاں سینے چھلنی نہ کر سکیں، طاقت عوام کے سر نہ کچل سکی، نوجوانوں کے دلوں میں آزادی کی آگ نے انقلاب کی نئی شمع جلا دی ہے۔ بنگلادیش کے آرمی چیف نے ہاتھ کھڑے کر لیے، یہی لمحات اب پاکستان میں شروع ہوںگے۔صحافی اسد علی نے کہا کہ بنگلادیشی عوام نے تاریخ رقم کردی ہے۔معروف صحافی فریحہ ادریس نے لکھا کہ فال آف ڈھاکا پارٹ 2۔ ایک صارف نے لکھا کہ اب میں اس بات پر راضی ہوگیا ہوں کہ پاکستان کی آزادی میں مشرقی پاکستان نے اہم کردار ادا کیا جبکہ موجودہ پاکستان کا آزادی میں کوئی کردار نہیں تھا۔