صوابی میں تحریک انصاف کا جلسہ ،ستمبر میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان

63

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود اچکزئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے شرکت کی، اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی قیادت میں چوروں کی حکومت اس ملک کو لے ڈوبے گی، ہم نے اس کا راستہ روکنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہو، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔ جلسے میں روپوش رہنما، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے بھی شرکت کی، انہوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ ستمبر تک عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں عمران خان کی رہائی کے لیے خود منظر عام پر آکر پنجاب کے عوام کو لیڈ کروں گا، عوام سن لیں کہ اگر مجھے گرفتار کرکے تشدد کے ذریعے کوئی بیان لیا جاتا ہے تو اس پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ میرا لیڈر کل بھی عمران خان تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔جلسے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں پرامن رہنے کا کہا ہے، ہم اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو پھر جلسہ ڈی چوک میں ہوگا، ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ آج ملک میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہو جائے تو افغانستان پر الزام لگایا جاتا ہے، میں سوال پوچھتا ہوں کیا تم نے ان کو مارنے کے لیے اڈے نہیں دیے تھے، تو اب کیا وہ تمہیں پھول بھیجیں گے۔