کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کو ان کے موبائل فون سے متعلق خبردار کیا ہے، جنہیں بلاک کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی اے نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے پیش نظر کلون‘ ڈپلیکیٹ موبائل ڈیوائسز کو بلاک کر دیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں پی ٹی اے نے صارفین کو موبائل ڈیوائسز کی تصدیق کے لیے اہم ہدایت دی ہے۔ پی ٹی اے نے کہا کہ اگر آپ کو ادارے کی جانب سے آپ کی موبائل ڈیوائس کے کلون یا ڈپلیکیٹ ہونے کے بارے میں کوئی پیغام موصول ہوا ہے تو#06#* ڈائل کرکے اپنے آئی ایم ای آئی کی تصدیق کریں۔ ادارے نے مزید بتایا کہ پی ٹی اے کے پیغام میں مذکورہ آئی ایم ای آئی سے اس کا موازنہ کریں،IMEI بلاک ہونے سے بچنے کے لیے ایس ایم ایس موصول ہونے کے7 دنوں کے اندر پی ٹی اے کو جواب دیں۔ مسئلے کے برقرار رہنے کی صورت میں براہ کرم شکایت کے لیے پی ٹی اے سی ایم ایس کے ذریعے complaint.pta.gov.pk پر خریداری اور ایف بی آر ٹیکس کی ادائیگی کے مکمل ثبوت فراہم کریں۔