وزیراعظم آزاد کشمیر کی وزیر داخلہ سے ملاقات‘ 5 اگست کے بھارتی اقدام کی مذمت

223

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ چودھری انوار الحق نے محسن نقوی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے یوم استحصال کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 (A) کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کا بدترین استحصال کیا ہے‘ گزشتہ 5 سال سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو اور دفعہ 144 نافذ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا‘ مقبوضہ کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیا ہے‘ وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں امن عامہ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔