اسلام آباد /کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے عدالت عظمیٰ سے مبارک ثانی فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔ سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شفقت تارڑ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوی ایشن اور وکلا نے فیصلے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبارک ثانی کیس فیصلے سے آئین پاکستان اور عقیدہ ختم نبوت کو نقصان پہنچا، عدالت عظمیٰ حالیہ فیصلے پر نظرثانی کرکے اسے درست کرے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اس بات کو یقینی بنائے کہ قادیانی گروہ آئین اور قانونی کی پابندی کرے‘ قادیانی گروہوں کو اسلامی مذہبی، اصلاحات سے منع کیا گیا ہے‘ عدالت عظمیٰ نے مبارک ثانی کیس میں کہا ہے کہ قادیانی عوامی طور پر خود کو مسلمان نہیں کہہ سکتے ہیں‘ عدالت عظمیٰ فوری نوٹس لے اور پرائیوٹ اور پبلک ڈومین کا فرق واضح کرے‘ عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے میں پبلک اور پرائیوٹ ڈومینز کی تشریح سے عوام میں انتشار پھیل سکتا ہے۔